ایف بی آر نے جیولرز سے طلائی زیورات و جواہرات کے لین دین کی تفصیلات طلب کرلیں

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی ایک اور کڑی شرط پوری کر دی جس کے تحت سونے کے زیورات اور جواہرات کا لین دین دستاویزی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جیولرز سے طلائی زیورات و جواہرات کے لین دین کی تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ پہلے مرحلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اسلام آباد آفس نے وفاقی دارالحکومت کے جیولرز کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ غیر رجسٹرڈ جیولرز کو سیلز ٹیکس رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جیولرز کو سات دن کے اندر نوٹسز کا جواب دینا ہوگا۔ جیولرز کوکاروبار کی مکمل تفصیلات‘ اپنے شناختی کارڈ نمبر‘ کاروباری شراکت داروں اور رابطہ نمبرز ایف بی آر کو دینا ہونگے۔ جیولرز سے ان کے تمام بنک اکائونٹس‘ کاروبار کی برانچز اور پاسپورٹ کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ نوٹسز کا جواب نہ دینے پر سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت کارروائی اور بھاری جرمانہ ہو سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن