افغانستان کاڈیورنڈ لائن تسلیم نہ کرنے کے حوالے سے بیان غیر ذمہ دارانہ ، مسترد، کرتے ہیں : پاکستان

Sep 21, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آن لائن/ صباح نیوز) پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان وزارت خارجہ کا حالیہ بیان غیر ذمے دارانہ اور بلاجواز ہے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد (ڈیورنڈ لائن) عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے عالمی قوانین اور ضابطوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سرحد ہے طورخم پوائنٹ کا 24 گھنٹے کیلئے کھل جانا عوام کے لئے نہایت اہم قدم ہے ایسے بیانات دونوں ممالک کے درمیان امن اور تعاون کے لئے عزم کو گزند پہنچاتے ہیں اور ان سے احتراز برتا جانا چاہئے۔ دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے 21سے 27ستمبر تک امریکا کا دورہ کریں گے، عمران خان کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، صحت عامہ اور سرمایہ کاری سے متعلق اجلاسوں میں شرکت کریں گے، پاکستان، ترکی اور ملائشیا کی سہ فریقی سمٹ سے خطاب کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم عالمی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے ساتھ ساتھ ایڈیٹوریل بورڈ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران عمران خان امریکا میں موجود تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ وزیر اعظم کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف بھی پیش کیا جائے گا۔ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر خارجہ کئی ممالک کے ہم منصب سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ وزرائے خارجہ کے اہم اجلاسوں سے خطاب کریں گے، وزیرخارجہ او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ سے بھی خطاب کریں گے۔

مزیدخبریں