لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر عالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستان و سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف سیدمحمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی نے خطبہ جمعہ میں کہاہے کہ قصور اور چونیاں میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات دلخراش اورعذاب الٰہی کودعوت دینے کے مترادف ہیں۔خیابان چورہ شریف لاہور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد کبیر علی شاہ کا مزید کہنا تھاکہ بچوں کے ساتھ جنسی واقعات میں غیر معمولی اضافہ قانون نافذ کرنیوالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومت ذمہ داروں کو معطل کرتی ہے افسوس کہ چند دنوں بعد وہی افسران دوبارہ آن ڈیوٹی نظر آتے ہیں، حکمران ایسے ذمہ داروں کوملازمتوں سے ہمیشہ کیلئے برطرف کرکے نشان عبرت بنائے۔ سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی نے کہا کہ افواج پاکستان کوگالیاں بکنے والوں کو لگام دینے کی ضرورت ہے، قوم کاہرفرد افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو آزادی دلانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔نماز جمعہ کے موقع پر کشمیر اورفلسطین سمیت دنیابھر کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔