سعودی عرب کے 89 ویں یومِ وطنی کی تقریبات کا آغاز گزشتہ روز ہو گیا۔ قومی دِن کی ان پانچ روزہ تقریبات کا سلسلہ 19 ستمبر 2019 سے شروع ہو کر 23ستمبر 2019 کی شب 11 بجے تک جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق یومِ وطنی کی مناسبت سے مختلف شہروں میں موسیقی کی تقریبات منعقد ہوں گی اس کے علاوہ آتش بازی کے شاندار مظاہرے بھی ہوں گے۔یومِ وطنی کی بڑی تقریبات جدہ اور ریاض میں ہوں گی جبکہ دیگر شہروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جشن کی یہ تقریبات سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوں گی۔اتھارٹی کے مطابق قومی دِن کی مناسبت سے سعودی مملکت کے مختلف علاقوں میں آتش بازی کے 7 لاکھ مظاہرے ہوں گے۔ بعض مقامات پر آتش بازی کے مظاہروں کی بلندی 300 میٹر تک ہو گی۔تاکہ عوام دور دور سے آتش بازی کے باعث آسمان پر بکھرنے والے رنگا رنگ نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس سلسلے میں جدہ کورنیش کے علاقے میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہو گا۔کورنیش کی کئی میل لمبی پٹی پرآتشبازی کے لیے مخصوص پلیٹ فارمز تیار کیے گئے ہیں جبکہ تین مقامات پر خصوصی گیٹس بھی بنائے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کورنیش تک جانے والے راستوں پر خصوصی پارکنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کے علاوہ مختلف تجارتی مالز کو بھی برقی قمقموں سے سجایا جا رہا ہے۔ان تقریب کے مقام پرقصر المصمک کی شکل کے ایک ہی طرز کے گیٹس بھی بنائے گئے ہیں، جو قومی وحدت کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سٹیج شوز، ثقافتی تقریبات اور قومی ترانوں کے پروگرام کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ساحلی مقامات پر بھی خصوصی تقریبات رکھی گئی ہیں، جہاں پر معروف عالمی برانڈز کی کمپنیوں کے سٹالز بھی لگائے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب کے قومی دِن کی پانچ روزہ رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہو گیا
Sep 21, 2019 | 13:50