اپوزیشن کا ایجنڈا ایک نہیں‘ ہر مرحلہ پر حکومت کا ساتھ دے رہی ہے: سراج الحق

Sep 21, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے 2 سال سے موجودہ حکومت کو سپورٹ کیا ہے۔ اپوزیشن کا ایجنڈا ایک نہیں ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کچھ وجوہات کی بناء پر اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شریک نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو ایسی اپوزیشن ملی ہے جو گذشتہ 2 سال سے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دے رہی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے 870 دنوں میں 870 مرتبہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے حکومت کا ساتھ دیا۔ ان کاکہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے دباؤ پر حکومت قانون سازی کرتی رہی۔ ہم نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے کہا کہ یہ موقع ہے کہ حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے لئے آگے آ جائیں لیکن ان لوگوں نے آنکھیں بن کرکے حکومت کا ساتھ دیا۔ سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی صاف و شفاف اور اچھی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ موجودہ حکومت ماضی کی حکومتوں سے بھی زیادہ خراب حکومت ثابت ہوئی۔ جماعت اسلامی ہر فورم پر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں