بھارت فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے: وزیر خارجہ

Sep 21, 2020 | 11:16

ویب ڈیسک

نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نئی جارحیت کا جواز پیش کر کے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔

نیویارک میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (اوآئی سی) رابطہ گروپ کے ارکان کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور آذر بائیجان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

نیویارک میں او آئی سی رابطہ گروپ اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر ہوا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پیغام پہنچایا۔

وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے جارحیت کے ساتھ پاکستان کے خلاف بیان بازی تیز کر دی ہے اور بھارت نئی جارحیت کا جواز پیش کرکے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے علاقائی امن وسلامتی کو شدید خطرہ ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی فوجی محاصرے کو فوری اٹھائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت وادی میں مواصلات اور نقل و حرکت کی پابندیاں ختم کرے۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ آرایس ایس، بی جے پی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں اردو زبان کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔

او آئی سی رابطہ گروپ کے ارکان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔

مزیدخبریں