کابل (این این آئی)افغان فضائیہ کے شمالی قندوز کے مختلف علاقوں میں طالبان مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں پر حملوں میں 40سے زیادہ جنگجو ہلاک ہوگئے ۔افغان وزارتِ دفاع نے فضائی بمباری میں صرف طالبان کی ہلاکتوں کا دعوی کیاہے جبکہ طالبان نے کہاہے کہ لڑاکا طیاروں کے حملوں میں 23 شہری مارے گئے۔ان میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارتِ دفاع نے ٹویٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ صوبہ قندوز میں واقع ضلع خان آباد میں فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا ۔فوج نے فعال دفاعی طریق کار کے مطابق اس کاجواب دیا ۔جوابی حملوں میں دو کمانڈروں سمیت 40 سے زیادہ جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ طالبان کے دعوے سے آگاہ ہے اور شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرے گی۔افغان پارلیمنٹ کے رکن فاطمہ عزیز کے مطابق فضائی کارروائی کے دوران پہلے حملہ طالبان کے ٹھکانے پر ہوا تاہم دوسرے حملے میں عام شہری ہلاک ہوئے جب کہ افغان محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ فضائی کارروائی میں 40 طالبان ہلاک ہوئے تاہم کسی عام شہری کے مارے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ صدر اشرف غنی نے ایک مرتبہ پھرملک بھر میں انسانی بنیاد پر جنگ بندی پر زوردیا تاکہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ کیا جاسکے،تشدد اور دہشت گردی کے واقعات کو روکا جا سکے اور باوقار انداز میں امن قائم کیا جاسکے۔تاہم طالبان نے صدر اشرف غنی کی اس اپیل کا کوئی جواب نہیں دیا ۔