شکرگڑھ (نامہ نگار) دربار کرتارپور میں بابا گورو نانک کی تین روزہ جوتی جوت کی تقریبات شروع ہو گئیں۔ ملک بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ارداس اور مرکزی تقریب کل 22 ستمبر کو منعقد ہوگی۔ بھارتی سرحد تک نگر کیرتن جلوس نکالا جائے گا۔ دربار صاحب کرتارپور میں بابا گورو نانک کی برسی کی 3 روزہ تقریبات 20 سے 22 ستمبر کے دوران جاری رہیں گی۔ گزشتہ روز کرتارپور میں جوتی جوت (برسی) کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ ملک بھر سے 2 ہزار یاتری برسی کی رسومات میں شرکت کریں گے۔ دربار کرتارپور سے بارڈر ٹرمینل تک نگر کیرتن کا جلوس نکالا جائے گا۔ اس سال صرف پاکستانی سکھ زائرین جوتی جوت کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ کرونا کی وبا کے پیش نظر بھارت سے سکھ یاتری نہیں آئیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق تقریبات کے دوران ایس او پیز پر مکمل عملدر آمد کیا جائے گا۔