حکومتی رویے نے سیاسی تصادم کو نکتہ عروج پر پہنچا دیا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی رویے نے سیاسی تصادم کو نکتہ عروج پر پہنچا دیا۔ نااہل حکمرانوں نے تین برسوں میں تمام توانائی مختلف پنڈورا باکسز کھولنے میں صرف کردی۔ دو بڑی اپوزیشن جماعتوں نے بھی حکمرانوں کا ساتھ دیا۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی کا تصادم صرف دکھاوے کی سیاست ہے، حقیقت میں مفادا ت کی جنگ لڑی جا رہی۔ قوم تینوں جماعتوں سے بے زار ہوچکی۔ پھر کہتا ہوں انتخابی اصلاحات کے بغیر کوئی چارہ نہیں، مگر اصلاحات کے نام پر پوائنٹ سکورنگ ملک کے لیے مزید تباہ کن ہوگی۔ حکومت الیکشن کمیشن اور میڈیا پر چڑھائی نہ کرے۔ سیاست دان سنجیدگی اور دانش مندی کا مظاہرہ کریں۔ جماعت اسلامی اہلیت سے بھرپور افراد پر مشتمل جماعت ہے۔ اللہ تعالی نے موقع دیا اور قوم نے ساتھ دیا تو ملک کے مسائل حل کرکے اسے حقیقی معنوں میں اسلام کا قلعہ اور فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر میں مختلف وفود اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہناتھا کہ روزانہ دو تین وزیر سرعام الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہیں۔ کیا ایک آئینی ادارے پر اس طرح کی چڑھای حکومت کو زیب دیتی ہے۔ پی ٹی آئی نے میڈیا کے خلاف بھی ایک محاذ کھول لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کی اکثریت مہنگائی اور بے روزگاری کے سیلاب کے تھپیڑوں کی زد میں ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن