غیرمستحکم ملکی معیشت کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا:شفقت محمود 

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیرتعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت کی مؤثر اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، حکومت سنبھالی تو ملکی معیشت زبوں حالی کا شکارتھی، غیرمستحکم ملکی معیشت کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں کی فنی تربیت کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا،50ہزار نوجوانوںکو آئی ٹی کے جدید شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان صدر اسلام آباد میں لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اچیومنٹ ایوارڈ2021 کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت کا انحصار کاروبار کی بہتری پر ہوتا ہے، تین سال پہلے  پاکستان تحریک انصاف نے جب حکومت سنبھالی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابر تھے، قرض خواہ دروازے پر تھے اور20  ارب کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ تھا۔ تقریب سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح نے خطاب کرتے  ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ایوان صدر میں تقریب کے انعقاد کی اجازت دینے پر ان سے اظہار تشکر کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر منظور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے لاہور چیمبر کے ساتھ ورکنگ ریلیشن کو پروان چڑھایا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ شفقت محمود نے انعامات تقسیم کئے۔ ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق صدور میاں مصباح الرحمن اور طاہر جاوید کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن