اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر کورم کی نذر ہو گیا۔ اپوزیشن کی طرف سے کورم کی نشاندہی کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گنتی کرانے کی بجائے اجلاس آج شام چار بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی طرف سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بحث کا مطالبہ کر دیا گیا ہے جس پر حکومت نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ سے رابطہ کر کے بدھ کو اس معاملے پر بحث کرائی جائے گی۔ پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ سی آر شمسی سینئر پارلیمانی صحافی تھے ان کے لیے دعا کرائی جائے۔ سینیئر صحافی سی آر شمسی، سابق ایم این اے پروین سرفراز اور دیر میں جاں بحق ہو نے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی۔ قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر کی جانب سے تحریک التوا پیش کی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ایوان میں بحث کرائی جائے۔ مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر خزانہ سے رابطہ کرنے کا موقع دیا جائے‘ بدھ کو اس معاملے پر بحث کرائی جائے گی۔ صحافیوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پریس گیلری بند کر نے پر بازوئوں پر کالی پٹیاں اور کالے ماسک پہن کر اجلاس میں شرکت کی اور بعد ازاں اجلاس کے آغاز پر ہی واک آئوٹ کر کے باہر چلے گئے۔ پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ صحافیوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پریس گیلری کی بندش کے حوالے سے احتجاجاً واک آئوٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری دور میں میڈیا جمہوریت کا اہم ستون تصور کیا جاتا ہے، اس لئے حکومت کی جانب سے کسی کو پریس گیلری میں بھیج کر ان کی تشویش کو سنا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنا موقف دے چکے ہیں۔ جس پر تحریک انصاف کے چیف ووہیپ عامر ڈوگر، مجید نیازی اور سائرہ بانو سیپکر کی ہدایت پر پریس گیلری آئے۔ جس پر عامر ڈوگر نے کہا کہ منگل کو پی آر اے کی کمیٹی کی سپیکر سے ملاقات کرائی جائے گی جس کے بعد صحافیوں نے واک آئوٹ ختم کر دیا۔ نماز مغرب کا وقفہ ختم ہوا تو مسلم لیگ (ن)کے رکن ساجد مہدی نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ سپیکر نے کورم کی گنتی کرانے کی بجائے اجلاس اجلاس (آج) منگل کی سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کردیا۔ وقفہ سولات کے دوران قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ عوامی مقامات، پارکوں اور سڑک کے اطراف میں گندگی اور بدبو کے خاتمے کے لئے حکومت نے اقدامات کئے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ سی ڈی اے کو جامع مہم چلانے کی ہدایت کی جائے۔ وزارت داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس پوری طرح چوکس اور تیار ہے۔ 2018 تا 2020 کے دوران اسلام آباد میں قتل کے کل 75مقدمات، زنا اور زنا بالجبر کے 138مقدمات اور عصمت دری کی کوشش کے 52مقدمات 341 ملزمان کے خلاف درج کیے گئے، مزید بر آں 4افراد کے خلاف خواجہ سرائوں کے خلاف جرم کرنے کی پاداش میں تین مقدمات درج کئے گئے۔ قومی اسمبلی نے بزرگ بلوچ رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار عطاء اللہ مینگل کے انتقال پر ایک متفقہ تعزیتی قرارداد کی منظوری دی ہے۔ قبل ازیں شہباز شریف کی آمد پر لیگی ارکان نے نعرے لگائے۔