لاہور (فاخر ملک) مسلم لیگ (ن) میں مفاہمتی اور مزاحمتی کیمپوں کے درمیان ’’سیز فائر‘‘ ہو گیا ہے اور پارٹی صدر نے نئی حکمت عملی کے تحت سویلین بالا دستی کا علم اٹھا لیا ہے۔ دوسری طرف انہوں نے چاروں صوبوں میں پارٹی کی از سرنو صف بندی اور آئندہ الیکشن کے لئے صوبوں اور وفاق میں امیدواروں کے چنائو کے لئے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی کوششیں جبکہ آئندہ الیکشن کے لئے نئے چہروں کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔ اس کا ثبوت مسلم لیگ ن پنجاب کے زیر اہتمام گوجرانوالہ ڈویژن کے اجلاس میں اس وقت سامنے آیا جب محمد نواز شریف نے ویڈیو لنک پر خطاب کیا۔ اس موقع پر دونوں بیانیوں کے حامیوں نے پارٹی قائد کی موجودگی میں خطاب کیا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے اس کی وجہ دونوں کے نزدیک عام انتخابات کا وقت سے پہلے ہونے کا تاثر ہے اور دونوں جماعتوں کے صدر اور چئیرمین ابھی تک تین صوبوں میں اپنی سرگرمیاںجاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم دونوں جماعتوں کا زیادہ فوکس صوبہ پنجاب پر ہے۔ پیپلزپارٹی نے ابتدائی طورپر جنوبی پنجاب کو فوکس کیا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب کے بعد وسطی پنجاب میں بھرپور سرگرمیاں شروع کر دیں ہیں۔ اس ضمن میں پنجاب مسلم لیگ کی ترجمان عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ یہ تاثر درست ہے کہ ان کی جماعت وقت سے پہلے انتخابات کی تیاریاں کر رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے مفاہمتی اور مزاحمتی کیمپوں میں ، سیز فا ئر
Sep 21, 2021