راولپنڈی (خبرنگارخصوصی) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کرکے کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کیا جس کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر صفی اللہ ہلاک ہو گیا۔ دہشت گرد صفی اللہ کا تعلق میر علی سے تھا اور وہ فروری 2021ء میں این جی او میں کام کرنے والی 4 خواتین کے قتل میں ملوث تھا۔ دہشت گرد صفی نومبر 2020ء میں پاکستانی فوج کے زیرانتظام تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے انجینئرز کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ فورسز نے آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق صفی اللہ نہ صرف سکیورٹی فورسز پر آئی ای ڈی حملوں اور ان کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھا‘ بلکہ بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں بھی مطلوب تھا۔
سکیورٹی فورسز کا شما لی وزیرستان میں آپریشن، کا لعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈ ر ہلاک
Sep 21, 2021