ملتان (خبر نگار خصوصی ) چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ حکومت کے تعاون سے ملتان شہر کو خوبصورت بنائیں اور ٹریفک کے مسائل حل کریں۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا ہے کہ ملتان میں لاہور شہر کی طرح ٹریفک ماڈل لانا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ عارضی اور وقتی طور پر ان تجاویز کو بوسن روڈ، ملتان پبلک سکول روڈ پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔ مثبت نتائج کی صورت میں ان تجاویز کو شہر کی دوسری بڑی شاہراؤں پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صحافیوں کو ملتان شہر کی مختلف شاہراوں پر ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے تیار کی گئی تجاویز کی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے کہ ملتان شہر کے اہم چوکوں کو کھلا اور خوبصورت بنا رہے ہیں۔ ان چوکوں کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے ملتان کی ثقافت سے مطابقت رکھنے والے مونو منٹ بھی بنا رہے ہیں ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ چوہدری محمد اصغر نے بتایا کہ ایم ڈی اے چوک، اعوان چوک، فیض عام چوک،ملتان ماڈل ٹاؤن چوک، درانا ننگانہ چوک، ساہو چوک، ایل ایم کیو روڈ پر سدرن بائی پاس چوک اور ایم اے جناح روڈ پبلک سکول روڈ پر خوبصورت مونومنٹ بنایا جائیگا ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ شہر میں موجودہ جگہوں پر قائم منڈیاں جہاں شہر یوں کے لئے مسائل پیدا کر رہی ہیں وہیں ملتان شہر کی خوبصورتی بھی خراب کر رہی ہیں۔ اور بہت جلد منڈیوں کو شہر سے باہر شفٹ کر دیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں بیرونی مداخلت بند کرنے کے لئے نئی سیکورٹی ایجنسی کے ساتھ ایگریمنٹ کر رہے ہیں۔ فاطمہ جناح الاٹیز کو ہر سہولت دیں گے اور ان کا تحفظ کریں گے۔