ڈی این اے فنگرپرنٹس کی رپورٹ کے حامل بیجوں کی 84 اقسام کی منظوری

Sep 21, 2021

 ملتان (خبر نگا ر خصو صی ) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق زرعی پیداواری اہداف کے حصول کے لئے پہلی مرتبہ ڈی این اے فنگر پرنٹس کی رپورٹ والی اقسام کی منظوری دی گئی ہے جس سے نہ صرف خالص بیج کا حصول ممکن ہوگا بلکہ وفاقی حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ بریڈرز کو رائلٹی بھی مل سکے گی۔ یہ بات صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے زراعت ہاؤس میں پنجاب سیڈ کونسل کے 55ویں اجلاس کی صدارت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ سیکٹر کی زرعی اجناس کے بیجوں کی 84 نئی اقسام کی منظوری دیدی گئی جن میں مکئی، باجرہ، اخروٹ، ایووکیڈو اور دوسرے پھلوں کی 67 جبکہ کپاس کی 33 اقسام منظوری کے لئے پیش کی گئیں جن میں سے کپاس کی 18 اور دوسری فصلات کی 66 نئی اقسام کی منظوری دی گئی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے زراعت اور بیج کی اہمیت کو فراموش کیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ زراعت کی بنیاد ہی بیج پر ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی، ایم ڈی پنجاب سید کارپوریشن فضل الرحمان، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) ڈاکٹر ظفر اقبال، ڈائریکٹر کاٹن ملتان ڈاکٹر صغیر احمد سمیت پنجاب سیڈ کونسل کے ممبران اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے بریڈرز حضرات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔  

مزیدخبریں