لاہور ُ (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام (ف)کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ حکمران جماعت کی طرف سے الیکشن کمشنر جیسے آئینی منصب کو متنازعہ بنانے کی جسارت مملکت کے آئینی وجود کو خطرہ میں ڈال دے گی۔غیر متنازعہ انتخابی سسٹم کی بجائے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات پہ اصرار قومی اداروں کو دانستہ تنازعات میں الجھانے کی کوشش ہے۔پی ٹی آئی روز اول سے عدلیہ، پارلیمنٹ، الیکشن کمشن اور دیگر قومی اداروں کی ساکھ پہ گھٹیا حملے کرتی آئی ہے۔اسلم غوری نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء بے ہودہ بیان بازی کے ذریعے عدالتوں اور الیکشن کمشن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔الیکشن کمشن کے پاس پچھلے 5 سال سے حکمران جماعت کے خلاف فارن فنڈنگ کیس زیر سماعت ہے۔پی ٹی آئی ہتھکنڈے استعمال کر کے الیکشن کمشن کو دباؤمیں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔بدترین کارکردگی کی بدولت اگلے الیکشن میں حکمران جماعت کو اپنے انجام کا پتا ہے اس لئے وہ آئینی عمل کو ڈی ریل کرنے کی سازشوں میں سرگرداں ہے۔
الیکشن کمشنر متنازعہ بنانے کی جسارت آئینی وجود کو خطرہ میں ڈال دیگی:جے یو آئی
Sep 21, 2021