کورونا کیسز میں کمی،کراچی میں رینکنگ اسکریبل ٹورنامنٹ کا انعقاد

کراچی (اسپورٹس) رپورٹر ملک میں کورونا کیسز میں کمی  آنے کے بعد پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن نے کراچی میں دوسرے  رینکنگ اسکریبل  ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں 90 اسکریبل پلیئرز نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جن میں 40 خواتین پلیئرز بھی شامل تھیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران تین کٹیگریز میں مقابلے ہوئے۔ ماسٹر کٹیگری میں پاکستان کے نمبر ون پلیئر وسیم کھتری نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، تمام 9گیمز جیت کر فاتح ٹرافی اپنے نام کی۔ صائم وقار نے دوسری اور شان عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ری کریشنل کٹیگری میں ٹاپ تھری پوزیشنز لڑکیوں کے نام رہی۔ مریم پردیسی نے  7فتوحات اور  500کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ منہما مکرم دوسرے اور سیدہ عاتکہ تیسرے نمبر پر رہیں۔ نوویس کٹیگری میں بھی لڑکیوں کی بالادستی قائم رہی۔ پہلی 10 میں سے 9 پوزیشنز لڑکیوں کے نام رہیں۔ منزہ پردیسی نے 6-1 کے ریکارڈ کے ساتھ ونر ٹرافی وصول کی۔ رانیا وسیم نے دوسری اور شایان وسیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی بینک الفلاح کے ایریا ہیڈ عمیر مسعود نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

ای پیپر دی نیشن