مطالبات منوانے کیلئے کامسیٹس اکیڈمک سٹاف کی   احتجاجی ریلی

Sep 21, 2021

اسلام آباد (نا مہ نگار)کامسیٹس اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے اسلام آباد کیمپس میں ایک احتجاجی ریلی، جس میں اساتذہ و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس امر پر شدید مایوسی کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کے واضح اعلانات کے باوجود جامعہ کامسیٹس کے اساتذہ و ملازمین 25 فیصد ڈیسپیریٹی الانس، 10 فیصد ایڈہاک الانس سے تاحال محروم ہیں، اس کے ساتھ ساتھ کنوینس الانس اور ایم ایس/ایم فل الانسز  پرکسی قسم کی کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی ہے۔ ریلی میں موجود شرکا نے کامسیٹس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو فوری طور پر ان کا حق دیا جائے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ASA-CUI اسلام آباد کیمپس کے جنرل سیکرٹری  خبیب  نے کہا کہ دیگر وفاقی جامعات اپنے ملازمین کو کافی عرصے سے یہ الانسز دے چکی ہیں جبکہ کامسیٹس کی انتظامیہ تاحال پس وپیش سے کام لے رہی ہے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کامسیٹس اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اسلام آباد کیمپس کے صدر ڈاکٹر سلمان امین ملک نے کہا کہ اساتذہ نے بے انتہا محنت اور لگن سے جامعہ کامسیٹس کو پاکستان کی نمبر ایک ریسرچ یونیورسٹی بنایا ہے لیکن اس کے باوجود اساتذہ و ملازمین کو ان کے جائز حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر سلمان امین ملک نے عندیہ دیا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر الانس منظور نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ بڑہایا جائے گا۔ اس موقع  پر ملازمین کی نمائندہ تنظیم کے صدر چوہدری آصف نے کہا کہ اساتذہ و ملازمین کے مشترکہ مفادات کے لیے ہم اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے ساتھ ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ 25 فیصد DRA اور 10 فیصد ایڈہاک الانس کا اجرا ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے۔

مزیدخبریں