اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سنیئر مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ(ن) چوہدری محمد جعفر اقبال سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے ان کی رہائش گاہ پر پی ایم ایل این اسلام آباد کے کوآرڈینیٹر چوہدری افتخاربرسہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی امور اور اہم ملکی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی ۔ چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے ایک طرف مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے دوسری طرف بیرونی سازشیں پاکستان کو کمزور کرنے کی گھنائونی حرکتیں کر رہی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا میچ شروع ہونے سے چند منٹ پہلے اپنا دورہ ختم کرنا سازشی عناصر کی کارستانی ہے ۔ یہ وہ قوتیں ہیں جو پاکستان سے خوف زدہ ہیں اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے کھیل کے میدان آباد کیے، ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، پاک فوج کے ساتھ مل کر ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں ہر شعبہ زندگی میں پاکستان میں کا گراف اوپر کی طرف گیا۔ میں حکمرانوں کو بھی یہی کہوں گا کہ وہ دوست اور دشمن کی پہچان کرتے ہوئے سفارتی محاز پر پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں سے باخبر رہیں اور بہتر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انھیں ناکام بنائیں۔
پاکستان ہے تو ہم ہیں، اللہ ہمارے ملک کی خیر کرے ۔ یہ ملک کلمے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ہے اس لیے کوئی بھی سازش وطن عزیز کو کمزور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔