انسداد پولیو  اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں:کمشنر گوجرانوالہ

Sep 21, 2021

 گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ انسداد پولیو کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور  بہت جلد ہمارا ملک پولیو سے مکمل طور پر پاک ہو جائے گا - انہوںنے کہاکہ اس قومی ذمہ داری کی کامیابی میں محکمہ صحت کے افسروں‘ پولیو ٹیموں کے ساتھ علمائ‘ والدین‘ اساتذہ اور میڈیا کا بھی بہت اہم کردار ہے اور ہم سب کو اس مو ذی مرض کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے اپنی قومی ذمہ داری خلوص نیت سے اداکرنا ہو گی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار ڈویژنل ہیڈ کوارٹز  ہسپتال میں 5 روزہ انسداد  پولیو مہم کے سلسلہ میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز لطیف احمد ساہی‘ ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمن‘ فوکل پرسن ڈاکٹر معیز منصور ‘ ڈاکٹر آصف جاوید ‘ پی ایس او ندیم بٹ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ٹیمیں اپنے فرائض  قومی جذبے کے ساتھ ادا کریں ۔اور 100  فی صد ٹارگٹ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جانے کو یقینی بنایا جائے - اس موقع پر ڈائر یکٹر ہیلتھ ‘ ایم ایس اور ڈاکٹر معیز نے کمشنر کو 20 تا 24  ستمبر کی اس پانچ روزہ انسداد  پولیومہم کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ گوجرانوالہ ڈویژن میں پانچ سال تک کی عمر کے 26 لاکھ85 ہزار سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے9838  ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے اوروٹامن اے کے کیپسول دیںگی ۔

مزیدخبریں