جرمنی نے کہا ہے کہ وہ آئندہ سال 2022کے اوائل میں12 سال سے کم عمر بچوں کی کورونا وائرس ویکسی نیشن شروع کرے گا۔ چینی خبر رساں ادارے نے جرمن وزیر صحت جینس سپن کے حوالے سے بتایا کہ ان کا ملک ممکنہ طور پر2022کے اوائل میں 12 سال سے کم عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز کر ے گا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں اس عمر کے گروپ میں ویکسین کے استعمال کی اجازت دی جائے گی۔جرمنی کی کورونا وائرس ویکسین بنانے والی کمپنی بائیو این ٹیک کا کہنا ہے کہ جلد ہی پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں میں ویکسین استعمال کرنے کی منظوری لے لی جائے گی ۔ کمپنی کاکہنا ہے کہ بچوں اور بڑوں کے استعما ل کی ویکسین ایک جیسی ہی ہو گی صرف خوراک کی مقدار کم ہوگی۔ایک جائزہ رپورٹ کے مطابق جرمنی میں 52.5 ملین سے زیادہ افراد کی مکمل طور پر ویکسی نیشن کردی گئی ہے جبکہ تقریبا 56 ملین افراد کو ویکسین کی ایک خوراک دی گئی ہےجس سے ملک میں ویکسی نیشن کی شرح 63.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔