انکم ٹیکس گوشوارے داخل کروانے کی تاریخ میں توسیع سے متعلق خبریں بے بنیاد اورحقائق کے منافی ہے. ترجمان ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہاہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کروانے کی تاریخ میں توسیع سے متعلق خبریں بے بنیاد اورحقائق کے منافی ہے۔

منگل کویہاں جاری بیان میں ترجمان ایف بی آر نے بعض اخبارات میں انکم ٹیکس گوشوارے داخل کروانے کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے شائع کردہ خبروں کی پرزور تردیدکی اور وضاحت میں کہا ہے کہ ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں اس ضمن میں کوئی تجویززیر غور نہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملکی سطع پر گوشوارے جمع کروانے کے حوالے سے ایک مربوط اشتہاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔الیکٹرونک ،پرنٹ اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم جاری ہے جس کے بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں اور لوگ بڑھ چڑھ کر اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروارہے ہیں۔انہوں نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حتمی تاریخ 30 ستمبر 2021 سے قبل اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر وائیں اور بے بنیاد اور گمراہ کن خبروں پر کان نہ دھریں۔ترجمان نے کسی بھی قسم کی ر ہنمائی کے لئے ایف بی آر کی ہیلپ لائن 111772772 پر کال کرنے ، یا اپنے قریبی انکم ٹیکس دفتر سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن