کشمیر کے مسئلے کا حل بندوق سے نہیں، ووٹ سے کرایا جائے. اسد قیصر

Sep 21, 2021 | 20:21

ویب ڈیسک

 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا حل بندوق سے نہیں بلکہ ووٹ سے کرایا جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں کشمیر پارلیمنٹری امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جیسے اہم مسئلہ پر اس کانفرنس کا انعقاد انتہائی اہم ہے، کشمیر دنیا کا ایک ایسا خطہ ہے جو تاریخ ہمیشہ پرامن رہا، قیام پاکستان سے پہلے ڈوگرہ راج میں کشمیر کاامن تباہ ہوا.اسد قیصر نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کو کشمیریوں سے چھین لیا گیا ہے، ہر سال ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، کشمیر میں اب تک ڈیڑھ لاکھ کشمیریوں کے گھروں کو جلایا گیا، سید علی گیلانی ان تکلیفیں کوبرداشت کرتے کرتے دنیاسے چلے گئے، مقبوضہ کشمیر میں بے شمار خواتین کی آبروریزی کی گئی۔ اسپیکر اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق کشمیر میں رائے شماری کرائی جائے،کشمیر کے مسئلے کا حل بندوق سے نہیں بلکہ ووٹ سے کرایا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر سارے کا سارا ہمارا ہے، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کی جائے۔

مزیدخبریں