گور نر پنجاب نے فلاحی تنظیموں کے تعاون سے لگا ئے جانیوالے مزید 50 فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کردیا

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے فلاحی تنظیموں کے تعاون سے لگا ئے جانیوالے مزید 50فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی اور این جی اوز کے فلٹر یشن پلانٹس کے ذریعے دسمبر تک پنجاب کے 15ملین افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کر دیا جائے گا۔پنجاب آب پاک اتھارٹی کے1500فلٹر یشن پلانٹس رواں سال کے آخر تک مکمل ہوجائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو صحت،تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے ۔ وہ منگل کے روز ہچڑمیں مسجد اور مسیحوں کے چر چ سمیت دیگر تمام مقامات پر فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے لگائے جانیوالے فلٹر یشن پلانٹس کا افتتاح کرنے کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی کے چیئر مین ڈاکٹر شکیل احمد ،ایم این اے بر یگیڈئر (ر)راحت امان اللہ بھٹی،تحریک انصاف کے مر کزی رکن کنور عمران سعید،سابق ایم پی اے میاں عبد الرائوف اور ملک محمد اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ رواں سال دسمبر تک پنجاب میں آب پاک اتھارٹی کے 1500فلٹر یشن پلانٹس مکمل ہوجائیں گے جن کے ذریعے تقر یبا8ملین افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ اسی دوران این جی اوز کے تعاون سے 7ملین افراد کو بھی پینے کا صاف ملے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پنجاب بھر کے شہر وں اور دیہاتوں میں بغیر کسی سیاسی تفر یق کے فلٹر یشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جب سے اقتدار میں آئے ہیں وہ صرف اور صرف عوام کو مہنگائی،بے روزگاری سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانے اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ ،کسان کارڈ اور احساس پروگرام بھی وفاقی اور پنجاب حکومت کے تاریخی اقدامات ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو اس وقت بھی بہت سے چیلنجز درپیش ہیں جن سے نمٹنے کیلئے سب کو ملکر اپنا کام کر نا ہوگا اور انشا اللہ ہم پاکستان میں مسائل کو جڑوں سے ختم کر یں گے۔ بریگیڈ ئر(ر)راحت اما ن اللہ نے کہا کہ ہم گور نر پنجاب چوہدری محمدسروراور پنجاب آب پاک اتھارٹی کا شکریہ اداکرتے ہیں جو پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جب عوام کو پینے کا صاف پانی ملے گا تو عوام کو ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں سے بھی نجات ملے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جو اقدامات کر رہے ہیں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی.

ای پیپر دی نیشن