اضافی ڈیوٹی سے اعصابی تناؤ، پی آئی اے کیبن کریو نے ایمر جنسی سلائیڈ کھول دی

Sep 21, 2022


کراچی: (نوائے وقت رپورٹ)اضافی ڈیوٹی کے سبب پی آئی اے کیبن کریو کے ارکان اعصابی تناؤ کا شکار ہونے لگے، جس کی وجہ سے عملے کی جانب سے غلطیاں سرزد ہورہی ہیں۔ قومی فضائی کمپنی کے عملے کے ایک رکن نے کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں غلطی سے ایمرجنسی سلائیڈ کھول دی، جس کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پروازوں پر ڈیوٹی دینے والے عملے کے ارکان اضافی ڈیوٹیوں کے باعث ذہنی و جسمانی تھکاوٹ کے سبب سنگین نوعیت کی غلطیاں کرنے لگے ہیں۔ پیر کی صبح کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 پر ڈیوٹی دینے والے کیبن کریو نے رن وے پر اڑان سے کچھ دیر قبل غلطی سیہنگامی سلائیڈ کھول دی۔واضح رہے کہ ہنگامی سلائیڈ اس وقت آپریٹ کی جاتی ہیجب طیارہ کسی ہنگامی صورت حال میں لینڈ کرے اور مسافروں کا تیزی سے اخراج مقصود ہو۔ واقعے کے بعد ایمرجنسی سلائیڈ کھلنے کی وجہ سے طیارے کے ایک دروازے کو بند اور مسافروں کوکم کرنا پڑگیا۔ مذکورہ پرواز پر تقریباً 25 مسافر تکنیکی وجوہات کے سبب سفر کرنے سے رہ گئے۔ذرائع کے مطابق صورتحال مبینہ طور پر کریو سے پروازوں پر یومیہ 16 گھنٹے مسلسل ڈیوٹی کی وجہ سے پیدا ہورہی ہے جب کہ  دیگر ائرلائنز میں کیبن کریو کے اوقات کار 12 گھنٹے ہیں۔ سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کو انتہائی ضرورت کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ 16 گھنٹے ڈیوٹی کی اجازت دی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے میں کیبن کریو کو ماہانہ 5 آف ملتے ہیں جب کہ دنیا بھر کی دیگر ائرلائنز کیبن کریو کو ماہانہ 9 آف دیتی ہیں۔قومی ائرلائن کی پروازوں پر کیبن کریو کی قلت، گزشتہ عرصے کے دوران متعارف کروائی جانے والی وی ایس ایس اسکیم کے سبب پیدا ہوئی ہے۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی کے 300 پر ہنگامی سلائیڈ کھلنے کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ کیبن کریو اور کپتان کے بیانات کی روشنی میں اس کا حتمی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا۔ پی آئی اے کی پروازوں پر کیبن کریو کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انتہائی ایمرجنسی میں کیبن کریو سے 16 گھنٹے ڈیوٹی لی جاتی ہے،جس کی اجازت سی ایاے کی طرف سے دی گئی ہے۔ ہر 12 گھنٹے کی ڈیوٹی کے بعد کیبن کریو کو 24 گھنٹے کا آرام دیا جاتا ہے۔

ایمر جنسی سلائیڈ کیس

مزیدخبریں