لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا، مہمان ٹیم پہلے رواں سال دسمبر اور پھرآئندہ سال اپریل میں دورہ کرے گی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق دسمبر میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ ملتان سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے نیشنل سٹیڈیم کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم دوبارہ پاکستان آئے گی، اس دوران پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں مجوزہ ہیں۔ستمبر 2021 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچ کر سیریز کھیلے بغیر واپس چلی گئی تھی۔
پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ کے ٹھوس اور سخت موقف اپنانے پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کے دورے کی حامی بھرتے ہوئے ہونے والے نقصان کا بھی ازالہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔دونوں بورڈ اگلے چند روز میں تاریخوں پر اتفاق رائے کے بعد شیڈول کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔