حیدرآباد(بیورو رپورٹ)یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن بلدیہ اعلی حیدرآبادکی جانب سے ایچ ایم سی میں کچے ملازمین کو مستقل نہ کیے جانے اور سرکاری طور پر اعلان کی گئی تنخواہ نہ دینے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے فیڈریشن کے رہنماﺅں اکبرگل،ندیم غوری، آصف جارج، ر وی پھول سنگھ،شاہد حیدر اور دیگر کی قیادت میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے علامتی بھوک ہڑتال کی گئی،مظاہرین ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سمیت دیگر افسران کے خلاف سخت نعرے بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ حیدر آباد کے کرپٹ افسران ادارے اور چھوٹے ملازمین کو نقصان پہنچا رہے ہیں جبکہ کئی سالوں سے کام کرنے والے کچے ملازمین کو مستقل نہیں کیا جارہا ہے اور نہ ہی حکومت کے فیصلے کے مطابق مزدوروں اور ملازمین کو کم سے کم25 ہزار روپے تنخواہ دی جا رہی ہے بلکہ بلدیہ اعلی حیدرآباد کی انتظامیہ سی بی اے یونین سے گٹھ جوڑ کرکے ملازمین کو19 ہزار روپے تنخواہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین کی مدت ختم ہونے کے باوجود یونین ماہانہ پانچ لاکھ روپے چندا کٹوتی کر رہی ہے جسے فوری طور پر بند کیا جائے اور سندھ اسمبلی کے پاس کردہ بل کے تحت تمام کچے ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ حیدرآباد سے بھی مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرہیلتھ سٹی کو تبدیل کرکے ان کہ جگہ پر ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے اور یوسیز میں کام کرنے والے میل اور فیمیل سینٹری ورکرز کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
تنخواہ کم‘ کام زیادہ‘ بلدیاتی ملازمین کو شکوہ
Sep 21, 2022