ہم غریب ملک نہیں بدانتظامی کا شکار ہیں : شاہ محمود 


ملتان(خصوصی رپورٹر) سابق وفاقی وزیر خارجہ و ممبر قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف گامزن ہے اور ہماری یوتھ جو رول پلے کرسکتی ہے وہ کوئی اور نہیں کرسکتا بہائ الدین زکریایونیورسٹی ملتان میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیراہتمام اوریٹیشن ڈرائیو 2022 تعلیم اور ہنر ساتھ ساتھ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ نوجوان آئی ٹی سیکٹر میں ہم سے بہت آگے ہیں اور پاکستان کا مستقبل ان کے ہی ہاتھوں میں ہے انہوں نے مزید کہاکہ 65 فی صد باصلاحیت نوجوان پر امید ہیں کہ پاکستان کے حالات ضرور بہتر ہوں گے انہو ںنے کہاکہ بدقسمتی سے معاشی پوزیشن انتہائی پریشان کن ہے اور ملک میں انویسٹمنٹ کے نام کی کوئی چیز نہیں ہے نوکریاں روز بروز محدود ہوتی جارہی ہیں جبکہ ڈالر کی قیمت اوپر اور روپے کی قیمت ڈاون ہوتی جارہی ہے ، بجلی اور گیس کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ انہیں برداشت کرنا اب مشکل ہوچکاہے انہو ںنے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کے غلط فیصلوں اور موجودہ حکومت کی نااہلی پچاس فی صد پروڈکشن کم ہوچکی ہے ملک میں صنعتی و زرعی بحران ہے سیلاب کے باعث فصلیں تباہ ہوچکی ہیں جبکہ ہر طرف مہنگائی کا واویلا ہے انہو ںنے کہاکہ ہماری حکومت نے مشکل وقت میں بڑے اہم فیصلے کیے تھے جس کی مدد سے معاشی طو رپر مستحکم ہوچکے تھے۔انہوں نے کہاکہ آج ٹیکنالوجی کی بناءپر ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں میں ہیں اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس ٹیکنالوجی کا استعمال مثبت کریں یا منفی انہوں نے کہاکہ ہمیں اشد ضرورت ہے کہ ایسی پالیسیاں ترتیب دیں جس سے یہ شعبہ پروان چڑھے اور ملک ترقی کرے انہوں نے کہ ہم غریب ملک بالکل نہیں ہیں بلکہ ہم مس مینجمنٹ کنٹری ہیں اور اگر آج ہم اپنے وسائل پیدا کرلیں تو شاید آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی بھی ضرورت نہ پڑے۔ صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد نے کہاکہ ڈیجیٹل سکلز بہت تیزی کے ساتھ لوگ سیکھ رہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی کسی طور پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی‘ ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن بورڈ ساجد لطیف ، عمر فاروق ، تنویر احمد ، نوید احمد ، حسن مرزا اور ڈین ڈاکٹر شوکت ملک اور ڈاکٹر شاہد فرید نے بھی خطاب کیا۔
شاہ محمود 

ای پیپر دی نیشن