ڈالر ایک ، سونا 1400روپے تولہ مہنگا ، سٹاک مارکیٹ میں مندا 58ارب ڈوب گئے 

Sep 21, 2022


کراچی (کامرس رپورٹر) روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، انٹر بنک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید ایک روپے گر گیا‘ اور کاروبار کے اختتام پر سٹیٹ بنک کے مطابق انٹر بنک میں ڈالر 237.91سے بڑھ کر 238.91روپے ہوگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ صبح 11 بج کر 45 منٹ پر مقامی کرنسی 239 روپے فی ڈالر پر ٹریڈ ہو رہی تھی۔ روپے کی قدر میں کمی 28 جولائی کو 239 روپے 94 پیسے کی اب تک کی کم ترین سطح کے نزدیک لے آئی ہے۔ معاشی تجزیہ کار اور صدر یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) زبیرطفیل نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ بنکوں کے خلاف کارروائی کرے جنہوں نے  2 ماہ میں ایک سال کا منافع کما لیا ہے۔ دوسری جانب صدر کراچی چیمبر آف کامرس محمد ادریس میمن نے ڈالر کی قیمت آئے روز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی خام مال کی لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے جس سے برآمدات مہنگی ہوں گی۔ اس کے منفی اثرات برآمدات کے اہداف کو متاثر کریں گے اور عالمی مسابقت میں ہم پیچھے رہ جائیں۔ منگل کو فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت  245.40  روپے  پر مستحکم رہی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا ایک بار پھر مہنگا ہوگیا ۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق  گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 400 روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ 55ہزار 100روپے ہو گئی، اسی طرح 343 روپے  بڑھ کر دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 32 ہزار 973 روپے پر آ گئی۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروبار حصص میں مندی کا سلسلہ مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا اور  123پوائنٹس کی تیزی کے باوجود کاروبار مندی کی لپیٹ میں آگیا۔  ایس ای 100 انڈیکس 41643 پوائنٹس کی سطح تک چلا گیا لیکن بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کیلئے  انرجی، پاور، ٹیلی کام اور دیگر سیکٹر کے شیئرز فروخت کرنے سے مارکیٹ  منفی زون میں چلی گئی اور ایک موقع پر مندی کی یہ سطح 41077 پوائنٹس تک بھی پہنچی، مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے58 ارب 59 کروڑ روپے سے زائد ڈوب گئے۔کاروباری حجم پیر کی نسبت 5.64 فیصد  زائد رہا۔

مزیدخبریں