پشاور (بیورو رپورٹ+ نیٹ نیوز) خیبرپی کے اسمبلی نے ٹرانسپورٹ ایمپلائز کی مستقلی، وزراء یا سرکاری ملازمین کی جانب سے سرکاری استعمال کیلئے ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر کے استعمال اور پراجیکٹ ایمپلائز کی مستقلی کے حوالے سے تین بلوں کی منظوری دیدی۔ پیپلزپارٹی کی رکن نگہت اورکزئی نے پرائیویٹ ممبر ڈے کی حیثیت سے اضافی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے خیبرپختونخوا ایمپلائز ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ آف سروسز ریگولرائزیشن ترمیمی بل مجریہ2022 بھی ایوان میں پیش کیا جس کو اسمبلی نے پاس کرلیا۔ بلوں کی منظوری کے وقت اپوزیشن کے دیگر ارکان محرک رکن پر آوازیں کستے رہے۔ نگہت اورکزئی نے اس موقع پر کہاکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے خط لکھ کر بل کو متنازعہ بنایا تھا جس کے خلاف استحقاق لانا چاہتی ہوں۔ دریں اثنا وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے خیبر وزراء کی تنخواہوں، الائونسز اور مراعات (ترمیمی) بل مجریہ2022 اور وزیر بلدیات فیصل امین گنڈاپور نے خیبرپی کے ریگولرائزیشن آف ایمپلائز آف ڈسٹرکٹ گورننس اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مجریہ 2022منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا جوکثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ قانونی مسودہ میں شامل نئی ترمیمی شق 7 بی (1)کے مطابق وزیر اعلی سرکاری اخراجات پر سرکاری دوروں کیلئے ہیلی کاپٹر یا ہوائی جہاز کا استعمال کرسکیں گے، شق(2) کے تحت وزیر اعلی سرکاری اخراجات پر اوپن مارکیٹ، پاکستان ائیر فورس یا وفاقی حکومت سے سرکاری مقاصد کیلئے ہیلی کاپٹر اور ہوائی جہاز حاصل کرنے کے مجاز ہونگے، وزیر اعلی کسی بھی وزیر یا بیوروکریٹ کو سرکاری خرچ پر ہیلی کاپٹر یا ہوائی جہاز میں سفر کرنے کی اجازت دے سکیں گے،یاد رہے کہ قانون میں ترمیم سے قبل سرکاری ہیلی کاپٹر میں صرف وزیر اعلیٰ کو دورہ کا اختیار حاصل تھا۔اب وہ ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر کرائے پر بھی لے سکیں گے۔ تاریخ کی بدترین مہنگائی اورگرتی ہوئی معیشت پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے ایک مشترکہ قراردادکے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کوفوری ریلیف دے نیز قبائلی اضلاع کے بجٹ کاخسارہ اوربجلی خالص منافع کے بقایاجات کی ادائیگی کی جائے۔وزیرمحنت شوکت یوسفزئی نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اسمبلی ملک کی تاریخ کی بدترین مہنگائی اورگرتی ہوئی معیشت پر تشویش کااظہار کرتی ہے جس نے عام آدمی کی کمرتوڑکررکھ دی ہے۔قرارداد پاس کر لی گئی۔وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑ انے کہاکہ ملک اس وقت مالی وسیاسی بحران کاشکار ہے اس کے علاوہ سیلاب اورسکیورٹی چیلنج کامسئلہ بھی درپیش ہے سیلاب اور سکیورٹی پر پیسہ لگناہے جبکہ مالی بحران کے خاتمے کیلئے مشکل فیصلے لینے پڑتے ہیں ۔45فیصدمہنگائی ہے عمران خان دورمیں بجلی وپٹرول کی قیمت پر طعنیں ملتے تھے آج ڈالرکہاں سے کہاں پہنچ گیا بجلی مہنگی ہوگئی چارماہ کے دوران آٹے کی فی کلو130تک جاپہنچی ہے۔مرکزی حکومت نے11سوارب روپے کرپشن کے معاف کئے وزیرخوراک عاطف خان نے کہاکہ مہنگائی کاسب سے زیادہ الزام پی ٹی آئی حکومت کو دیاجاتاہے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے موجودہ حکومت کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں۔مولانا کے بیٹے نے سب سے زیادہ کرپشن والی وزارت لی اب مولانا کو مہنگائی نہیں آ رہی ہے۔مہنگائی سے لوگ تباہ ہورہے ہیں اگرمقدمات بنانے سے مہنگائی میں کمی آتی ہے توہم سب پر مقدمات بنالئے جائیں ۔صوبائی وزیر کامران بنگش نے غریب کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے،الیکشن میدان میں انہیں بھاگنے نہیں دینگے دوتہائی اکثریت سے عمران خان پھرآئے گاحکومتی وزراء کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان ساراوقت مسلسل نعرہ بازی کرتے رہے آخرمیں اپوزیشن کورم کی نشاندہی کرکے ایوان سے واک آٹ کرگئی۔اپوزیشن ارکان سردار حسین بابک،اختیار ودلی و دیگر نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کرتے تھے اور اب ایوان میں اکثریت کی بنیاد پر بل پاس کر کے دیگر وزرا اور سرکاری اہلکاروں کو بھی ہیلی کاپٹر میں گھومنے کا اختیار دیا گیا ہے۔بڈھ بیر کی 23 سالہ معلمہ کے اغوا اور قتل کے معاملے پر تفصیلی بحث کیلئے تحریک التوا کی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔ وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ایکٹ کے تحت درخواستیں آتی ہیں۔ حالیہ سیلاب میں تقریباً سب کو متاثرین کو معاوضے مل چکے ہیں۔ مکانات تباہ ہونے پر معاوضے کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر چار لاکھ اور جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے تین لاکھ سے معاوضہ بڑھا کر آٹھ لاکھ دیا ہے۔