ایم کیو ایم اعتماد کرے ، لا پتہ افراد کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کو شش کریں گے: رانا 


کراچی (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہم کراچی اور بلوچستان کے لوگوں کی طرح گمشدگی کے خلاف ہیں۔ لاپتہ افراد کے معاملے پر تصادم کے راستے کی بجائے افہام و تفہیم سے اس مسئلے کو آگے بڑھا رہے ہیں، سزا اتنی ہی دی جائے جتنا جرم ہو، لوگوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ لاپتہ افراد کا دکھ سب کا دکھ ہے، بطور ریاست یہ باعث شرمندگی ہے کہ لوگوں کو قانون کے دائرے میں لانے کی بجائے انہیں لاپتہ کردیا جائے اور پھر ان کی لاشیں ملیں۔ کراچی میں اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہمارا موقف رہا ہے کہ تشدد اور گمشدگی آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں، یہ ریاست کی ذمہ داری ہے، ایم کیو ایم اور ہمارے درمیان لاپتا افراد کی روک تھام کے لیے کئی اقدامات پر اتفاق ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں لاپتا افراد کے لواحقین نے کئی روز سے دھرنا دیا ہوا تھا، حکومت کی یقین دہانی پر لواحقین نے دھرنا ختم کیا۔ رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ ان چیزوں میں ملوث ہیں وہ آئین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت ہم پر اپنا اعتماد رکھے گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے 3 لاپتہ کارکنوں کی لاشیں ملنے کے بعد وزیر اعظم کے ساتھ ایک ملاقات ہوئی تھی، لاپتہ افراد کی بازیابی ریاست کی ذمہ داری ہے، لاپتہ افراد کا دکھ موت سے زیادہ کربناک‘ اہلخانہ کیلئے ہر پل قیامت ہوتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سوات میں دوبارہ دہشت گرد آنے کی باتیں افواہ ہیں، ایسا بالکل بھی نہیں۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے احتجاج کو دہشت گردی اور اعتراض کو غداری کہنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم ایک ایسی بدنصیب ریاست میں رہتے ہیں جس میں لوگوں کو لاپتہ کرنا جرم نہیں ثابت ہوتا، ایسی روایت کی کسی ریاست میں اجازت نہیں۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے لئے معجون تیار ہے جب وہ اسلام آباد آئیں گے تو انہیں دیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسٹر ایکس اور وائے کا عمران خان کو معلوم ہونا چاہیے، اگر ان میں حوصلہ ہے تو وہ سیدھی سیدھی بات کریں، ہوسکتا ہے عمران خان کو پاؤں سے اٹھا کر سر کے بل کردیا جائے۔ عمران خان جب آئیں گے تو انہیں ایسی دھونی دیں گے کہ دوبارہ اسلام آباد کا رخ نہیں کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رانا ثناء اﷲ اور ایاز صادق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گمشدہ افراد اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق بات کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...