اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔صدر مملکت سے ترکیہ میں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں عارف علوی نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوںنے کہاکہ دوطرفہ تجارتی حجم کو بہترین دوطرفہ تعلقات کے مطابق بڑھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ عارف علوی نے کہاکہ اشیاء کے تجارتی معاہدے پر دستخط سے درمیانی مدت میں 5 ارب ڈالر کا دو طرفہ تجارتی ہدف حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی، پاکستان بنیادی مسائل پر ترکیہ کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر ترکیہ کا شکریہ ادا کیا ۔صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ترکیہ کی پاکستان کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا ۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ترکیہ میں تقرری پر مبارکباد دی ۔
صدر عافت علوی ملاقات