گجرات+ کھاریاں (نامہ نگاران+نمائندہ نوائے وقت) کھاریاں میں قیدیوں کی وین پر احاطہ سیشن کورٹ میں فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک جبکہ پولیس اہلکار سمیت 3 زخمی ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ جیل گجرات سے قیدیوں کو لے کر جانے والی وین کھاریاں کے احاطہ عدالت میں داخل ہوئی تو قیدیوں کے اترتے ہوئے ایک شخص نے فائرنگ کر دی، جس کے نتےجہ میں گاﺅں سندھانوالہ کا شیراز نامی قیدی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر پولیس لائن سے جانے والا کانسٹیبل بابر، گل محمد ڈنگہ، شاہزیب زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کیلئے سول ہسپتال کھاریاں منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او گجرات غضنفر علی شاہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول شیراز مقدمہ قتل میں گجرات جیل سے کھاریاں کچہری لایا گیا تھا کہ اُس پر ملزم غلام عباس نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم غلام عباس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ زخمیوں کے لواحقین نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ملزم سے رشوت لے کر احاطہ کچہری میں اسے اسلحہ لے کر جانے کی اجازت دی۔ دوسری جانب پولیس کی ناقص سکیورٹی پر کھاریاں بار نے ہڑتال کر دی۔
قیدی وین فائرنگ
کھاریاں: احاطہ سیشن کورٹ میں قیدیوں کی وین پر فائرنگ، ایک جاں بحق
Sep 21, 2022