کراچی (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر سے ان کے دفتر میں عالمی بنک کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ حب لیڈر معظم میکن اور انویسٹمنٹ آفیسر مرزا خرم بیگ نے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ سندھ اسد ضامن بھی موجود تھے۔اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں سندھ حکومت اور عالمی بنک کے درمیان مختلف ترقیاتی منصوبوں کو پی پی پی موڈ اور سرمایہ کاری کے مختلف تصورات پر بات چیت ہوئی۔اجلاس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔اجلاس میں سندھ میں حالیہ سیلابوں سے بہت بڑی تعداد میں گرجانے والے مکانات کی تعمیر نو کے لئے تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور نئے لگنے والے منصوبوں کو ماحولیاتی نظر سے محفوظ بنانے کے لئے ماہرانہ اور مالیاتی تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر ورلڈ بنک کے نمائندوں نے مذکورہ آئیڈیاز پر اپنے ادارے میں مشاورت کے بعد اس بات چیت کو مزید آگے بڑھانے اور قابلِ عمل تجاویز پر ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں مالیاتی اور تیکنیکی معاملات میں عالمی بنک کے تعاون کی حوصلہ افزائی کی خواہاں ہے۔
ورلڈ بینک/ اتفاق