لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال حتمی ناموں کا اعلان نہیں کیا ‘امکان ہے کہ سکواڈ کا اعلان آج کیا جائیگا۔ آئی سی سی کی جانب سے 15 نام جمع کروانے کی آخری تاریخ 28 ستمبر 2023 ہے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ قومی ٹیم کا سکواڈ 30 سے 32 افراد پر مشتمل ہوگا۔ آئی سی سی کے قواعد کے مطابق 23 افراد کے اخراجات وہ برادشت کرنے کا پابند ہوگا، جبکہ باقی افراد کے اخراجات پی سی بی کے ذمہ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ٹیم کےساتھ 15 کھلاڑیوں کے ساتھ تین اضافی کھلاڑی بھی سفر کریں گے، تاہم ٹیم کا انتخاب کرتے وقت صرف پندرہ نام ہی زیر غور آئیں گے۔ تین اضافی کھلاڑی سلیکشن کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے، البتہ کسی انجری کی صورت میں آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی ان ناموں میں سے کسی کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے سکے گی۔پی سی بی ترجمان کے مطابق تین اضافی کھلاڑی قومی ٹیم کے ساتھ پریکٹس تو کرسکتے ہیں ، البتہ میچ والے دن وہ ہوٹل میں رہیں گے اور انھیں ڈریسنگ روم تک رسائی کی اجازت نہیں ہوگی۔