لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے فرح خان کے بچوں کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے کیس میں درخواست گزار کو25 ستمبر کو متعلقہ فورم پر رجوع کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ عدالت نے کہا کہ اگر مطمئن نہیں ہوتے تو آپ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار وزرات داخلہ میں قائم کمیٹی سے رجوع کرے، یہ تمام معاملات کو دیکھ رہی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو سینئر کونسل اظہر صدیق سے مشاورت کی مہلت دے دی۔ ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے تحریری جواب عدالت میں جمع کرادیا جس میں کہا گیا درخواست گزار کے بچوں کے نام کرپشن کیس میں ملوث ہونے پر پاسپورٹ سٹاپ لسٹ میں ڈالے۔ درخواست گزار محکمہ داخلہ پنجاب اور اینٹی کرپشن میں اپنا موقف پیش کریں۔ محکمہ داخلہ پنجاب اور اینٹی کرپشن کی کلیئرنس کے بعد نام ای سی ایل سے نکالے جاسکتے ہیں۔
بچوں کے نام ای سی ایل سے نکلوانے کا کیس: فرح خان کو متعلقہ فورم سے رجوع کی ہدایت
Sep 21, 2023