اوکاڑہ (نامہ نگار) سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ میں اوکاڑہ کے ایک ہی خاندان کے 4 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ جاںبحق ہونے والوں میں 2 سگے بھائی اور 2کزن شامل ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق 14 جی۔ ڈی رضا آباد کے دو حقیقی بھائی طارق اور شکور اپنے کزنوں رمضان‘ اسد اور نواز سمیت روزگار کے سلسلہ میں سعودی عرب میں مقیم تھے۔ پانچوں نوجوان عمرہ کےلئے کار پر بائیو میٹرک کرانے کی غرض سے سعودی عرب کے دارالخلا فہ الریاض جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی کار کا ٹائر برسٹ ہو گیا اور پیچھے سے آنے والا ایک تیز رفتار ٹرک کار پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں کار میں سوار طارق‘ شکور‘ رمضان‘ اسد کے جاں بحق اور نواز کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ زخمی کو الریاض کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثہ کی خبر سنتے ہی چک 14 جی ڈی رضا آباد اوکاڑہ میں نوجوانوں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ خواتین‘ مرد اور بچوں کی آہ و بکا نے پورا گاﺅں غمزدہ کر دیا۔ آس پاس کے دیہاتوں سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے گھروں پر پہنچنا شروع ہو گئی۔ ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔ ورثاءکے سربراہ مبشر علی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی میتیں پاکستان لانے کےلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔