لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے "جمہوری، پرامن اور ہم آہنگ پاکستان کے لیے نوجوانوں کی خواہشات"کے عنوان سے 13ویں نیشنل یوتھ پیس فیسٹیول 2023 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان بھر سے 300 نوجوان رہنماﺅں نے شرکت کی۔ خطاب کرتے ہوئے محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل اور سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ ہماری نوجوان نسل تبدیلی کا محرک ہے لیکن نوجوان نسل کو مایوسی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے۔ جبکہ معاشرے میں بہت سی مثبت چیزیں ہیں۔ یہاں لوگ چیرٹی میں دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ مجھے اپنی نوجوان نسل پر اعتماد ہے کہ وہ پاکستان کو کامیابی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ معاشرے میں نوجوانوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ رویوں کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے کہا کہ امن کے لئے نوجوان بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ تقریب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر چنن ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن محمد شہزاد خان، شہناز فتح، شیریں سکندر اور حمیرا اسلم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرمحترمہ شزا فاطمہ خواجہ (سابقہ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان)، فائزہ ملک (سابق ایم پی اے)، محترمہ صبیحہ شاہین، فصاحت الحسن، سارا عمران، فاطمہ جعفر سمیت دیگر عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پنجاب کارپوریشن لمیٹڈ کے زیراہتمام معاشی خوشحالی میں "کوآپریٹو اداروں کا کردار"کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پریذیڈنٹ پنجاب پراونشل کو آپریٹوبینک لمیٹڈ محمد سلیم طاہر، سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب مسرت جبیں، چیئرمین میں پنجاب کو آپریٹو یونین حمیر حیات خان روکھڑی، اشفاق احمد چوہدری رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب، سینیئر صحافی واصف ناگی، سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی اور کو آپریٹو سے وابستہ افراد موجود تھے۔
نوجوان نسل ہمارا مستقبل اور سب سے قیمتی سرمایہ: گورنر پنجاب
Sep 21, 2023