اسلام آباد +ڈی آئی خان (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں‘ بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔ مقامی لوگوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق تھانہ باڑہ کے نالہ چیک پوسٹ پر پولیس نے ایک لوڈر رکشے کو روکا جس سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا۔ ڈی پی او کے مطابق خودکش حملہ آور رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دہشت گرد نے بارودی مواد کو گھاس کے نیچے چھپائے رکھا تھا جسے خودکش حملے کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔ ڈی پی او سلیم عباس نے بتایا کہ لوڈر رکشے میں نصب بارودی مواد کو بم ڈسپوزل سکواڈ (بی ڈی یو) نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ لوڈر رکشے میں 350 کلوگرام بارودی مواد نصب تھا۔ یہ اپنی نوعیت کے سب سے زیادہ بارودی مواد ہے۔ پولیس نے علاقے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ خودکش حملہ آور کا تعلق تحصیل باڑہ سے ہے جس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی خان: آپریشن، دہشتگرد ہلاک: خیبر، خودکش حملہ ناکام، لوڈ رکشے سے 350 کلو بارود برآمد
Sep 21, 2023