بھارت: 3 ہزار واپس نہ کرنے پر سبزی فروش کو برہنہ کرکے گھمایا گیا

اتر پردیش (نیٹ نیوز) بھارت میں سبزی منڈی کے کمشن ایجنٹ نے 3 ہزار کا قرض واپس نہ کرنے پر سبزی فروش کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا اور برہنہ کرکے بھرے بازار میں گھمایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں سبزی فروش نے منڈی کے ایجنٹ سے لہسن کی خریداری کیلئے 5 ہزار 600 روپے ادھار لئے تھے۔ سبزی فروش نے ایک ماہ کی مدت میں اڑھائی ہزار روپے واپس بھی کر دیئے تھے‘ لیکن مزید 3 ہزار روپے کا قرض واپس کرنے کیلئے مہلت مانگ رہا تھا جس پر سبزی منڈی کا ایجنٹ آپے سے باہر ہو گیا اور اپنے دو اہلکاروں کے ساتھ مل کر محنت کش کو تشدد کا نشانہ بنانے لگا۔ ایجنٹ نے سبزی فروش کو برہنہ کرکے پورے بازار میں گھمایا۔ سوشل میڈیا صارفین کے دباﺅ پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے سبزی منڈی کے ایجنٹ سندر اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن