نیویارک(کے پی آئی)مریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بنیادی تنازعے سمیت تمام دوطرفہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے ساتھ بامعنی اورنتیجہ خیز مذاکرات کرے۔مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پی ٹی وی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کیا۔مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تمام دوطرفہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے ساتھ بامعنی اورنتیجہ خیز مذاکرات کرے۔مسعود خان نے کہا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں اور جائز جدوجہد کر رہے ہیں۔ مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی اور امریکی سرمایہ کار پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول کان کنی میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ پاکستان میں 80 امریکی کمپنیاں پہلے ہی کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعلقات کی بہتری کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کیے ہیں۔سفیر نے بتایا کہ پاک امریکہ تجارتی اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کا اجلاس آٹھ سال بعد منعقد ہوا جس میں کچھ اہم فیصلے کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ فریقین نے گرین انرجی، تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی میں تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تجارتی حجم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی زیادہ تر مصنوعات امریکہ کو برآمد کرتا ہے۔سفیرنے کہا کہ پاکستان اپنی زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے امریکی ٹیکنالوجی اور علم سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے جبکہ آئی ٹی کے شعبے میں بھی تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ انسداد دہشت گردی میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہے۔افغانستان کے بارے میں سفیر نے کہا کہ افغانستان کا امن اور استحکام علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔