سولر پینل امپورٹ سکینڈل: 69ارب روپے کی اوور انوائسنگ پکڑی گئی، مقدمہ درج، چیئرمین ایف بی آر

Sep 21, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گزشتہ عرصے کے دوارن سولر پینل کی درآمد میں 69 ارب روپے کی اوور انوائسنگ کا سراغ لگا لیا۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے سولر پینل امپورٹ سکینڈل پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سولر پینل کی درآمد میں 69 ارب روپے کی اوور انوائسنگ کا سراغ لگا کر ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق 69 ارب روپے کے درآمدی سولر پینل کو مارکیٹ میں 45 ارب روپے میں بیچا گیا‘ جن ممالک سے سولر پینل درآمد کئے گئے وہاں سولر پینل بنتے ہی نہیں۔ سولر پینل ایک ملک سے درآمد کئے گئے اور ادائیگی دوسرے ملک سے کی گئی۔ زبیر امجد نے بریفنگ میں بتایا کہ مالی سال 2017 سے 2022 تک سولرپینل کی درآمد پر 69.5 ارب روپے کی اوورانوائسنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق 6ہزار 232 گڈز ڈیکلریشن پر 63 امپورٹس میں درآمد کنندگان نے اوور انوائسنگ کی۔ دو نجی کمپنیوں نے گزشتہ مالی سال میں 2 ہزار 718 گڈز ڈیکلریشن پر 37.76 ارب روپے کی اوور انوائسنگ کی۔ دو نجی کمپنیوں نے 72 ارب روپے کی رقم منتقل کی اور 45 ارب روپے کے سولر پینل درآمد کیے۔ رپورٹ کے مطابق رقم کی منتقلی کے دوران کمرشل بینکوں کی جانب سے احتیاط نہ برتنے کی غفلت بھی ہوئی۔ رقم ٹرانسفر کے دوران کمرشل بینکوں نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ رولز کو نظر انداز کیا۔ کمیٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش اہم مسائل پر غور کیا۔ سینیٹر مانڈوی والا نے زور دے کر کہا، "ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزاد جموں و کشمیر کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ آڈٹ کے نتیجے میں، حال ہی میں برائٹ سٹار بزنس سلوشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ اومون لائٹ ٹریڈر پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں کیونکہ یہ دونوں درآمد کنندگان اوور انوائسنگ میں ملوث تھے۔ آڈٹ میں رکاوٹ، اور کسٹمز ایکٹ 1969 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے درآمدات کے لیے غیر قانونی فنڈز کا استعمال۔ کمیٹی نے اس میں ملوث تمام بینکوں کی تفصیلات طلب کیں۔ کمیٹی نے ایس ایم ای بینک کو ختم کرنے کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، کمیٹی نے سیکرٹری خزانہ پر زور دیا کہ وہ ایس ایم ای قرضے کی حوصلہ افزائی کریں اور متبادل تلاش کریں۔ 

مزیدخبریں