کراچی (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) بنک دولت پاکستان نے جدت طرازی اور مالی شمولیت کے فروغ اور عوام کو سستی ڈیجیٹل مالی سہولتیں فراہم کرنے کے سلسلے میں پانچ ڈیجیٹل ریٹیل بنکوں کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔ ان بنکوں کے نام ہیوگو بنک لمیٹڈ، کے ٹی پاکستان بنک لمیٹڈ، مشرق بنک پاکستان لمیٹڈ، رقمی اسلامی ڈیجیٹل بنک لمیٹڈ اور ٹیلی نار مائیکروفنانس بنک لمیٹڈ ہیں۔ واضح رہے کہ سٹیٹ بنک نے پاکستان میں ڈیجیٹل بینکوں کے قیام کے لیے جنوری 2023ءمیں پانچ کامیاب درخواست گزاروں کو این او سی جاری کئے تھے۔ بدھ کو کراچی میں سٹیٹ بنک میوزیم بلڈنگ میں ہونے والی یادگار تقریب میں سٹیٹ بنک کے گورنر جمیل احمد نے پانچ مجوزہ ڈیجیٹل بنکوں کو اصولی منظوری دی۔ مرکزی بنک کے گورنر جمیل احمد نے اپنے خطاب میں ملک میں ڈیجیٹل ریٹیل بنک متعارف کرانے کے اقدام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے توقع بھی ظاہر کی کہ عملی سرگرمیاں شروع کرنے کے بعد ڈیجیٹل بنک ایک ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل میں مدد دیں گے۔ صارفین کو بالکل نئی طرح کا تجربہ ہوگا، سستی ڈجیٹل مالی خدمات فراہم کریں گے جن میں معاشرے کے محروم اور نیم محروم طبقوں کو قرضوں تک رسائی بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا ڈیجیٹل کرنسی پر کام جاری ہے مختلف ملکوں کے ماڈل دیکھ رہے ہیں۔ فوری طو رپر ڈیجیٹل کرنسی کے اجراءکا ارادہ نہیں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کاروباری کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے بی کیٹیگری کمپنیوں کو اے کیٹیگری میں اپ گریڈ کرنے کا 30 روز کا وقت دیا ہے۔ بی کیٹیگری کسی اے کیٹیگری میں ضم بھی ہو سکتی ہیں، اس کے علاوہ چھوٹی ایکسچینج کمپنیوں کو کاروبار کی اجازت نہیں ہو گی۔