لاہور+ اسلام آباد+ کراچی (نامہ نگار‘ این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاست دانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال کرتے ہوئے احتساب عدالت اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایکشن لیتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 80 کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نیب نے رجسٹرار احتساب عدالت کو خط لکھ دیا جس کے بعد آج جمعرات کو کیسز کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالتی حکم پر آصف علی زرداری، نواز شریف، مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی سمیت 80 کیسز بحال کردیے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھولا جارہا ہے۔ ذرائع نیب کورٹ کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاﺅنٹ کیسز بھی بحال ہوگئے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس کھل گیا۔ نواز شریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نیب فہرست کے حساب سے آج ریکارڈ پیش کرے گی۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود نیب لاہور کے اہم کیس احتساب عدالتوں میں نہیں بھجوائے جاسکے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس، سابق وزیر خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی سیلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ریفرنس، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان و دیگران کیخلاف چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے غیر قانونی ٹھیکوں کا ریفرنس، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس اور سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انوار کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول ریفرنس ا بھی تک بحال نہ ہوئے ہیں۔ احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے خلاف پونے 6ارب روپے کرپشن کیس پر ریمارکس دیئے ہیں کہ کیس کا ٹرائل جہاں رکا تھا وہیں سے شروع کیا جائے گا۔ بدھ کو کراچی کی احتساب عدالت میں رہنما پی پی پی اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے خلاف پونے 6ارب کی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب ترمیم کے تحت عدالت کے دائرہ اختیار چیلنج کرنے کی ملزمان کی درخواست مسترد کردی اور آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس کے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔