9مئی: چیئرمین پی ٹی اائی اور دیگر ملزموں کے مقدمات میں بغاوت کی دفعہ شامل

Sep 21, 2023

لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام ملزمان کے چالان میں بغاوت کی دفعات شامل کردی گئیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش معسود نے بتایا کہ نو مئی کے مرکزی مقدمے سمیت تمام مقدمات میں 120 بی کی دفعات لگا دی گئیں۔ پولیس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جائے وقوعہ پر عدم موجودگی کے باوجود ان کے خلاف بغاوت پر اکسانے اور منصوبہ بندی کے شواہد ملے ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ پراسیکیوشن کی جانب سے چالان پر اعتراضات لگانے کے بعد بغاوت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ لہذا چالان جمع کروانے سے قبل پراسیکیوشن کے تمام اعترضات دور کردئیے گئے ہیں، اب ایجنسیز کی رپورٹ ملنے پر چالان جمع کروا دیا جائے گا۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بشری بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد قدرت اللہ کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے 25 ستمبر کو فریقین کے وکلا کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے خلاف کرپشن کا ایک اور کیس تیار کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پر ٹیلی تھون کے ذریعے جمع فنڈز کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ انہوں نے اگست 2022 میں ٹیلی تھون کے ذریعے فنڈ اکٹھے کیے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ہیڈ کوارٹرز کو انکوائری کی منظوری کی درخواست موصول ہوگئی۔ نیب راولپنڈی نے کیس کی شکایت کی تصدیق کرکے انکوائری میں بدلنے کی درخواست دے دی۔

مزیدخبریں