اسلام آباد لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک لوٹنے والوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔ سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے بھیس بدل بدل کر حکومتیں کیں، عوام کو یرغمال بنایا، غریبوں کو لوٹا، اپنے شہزادے شہزادیوں کا مستقبل محفوظ اور عام پاکستانیوں کا تباہ کیا۔ کرپٹ نظام نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو ڈسا۔ ملک کے وسائل کی مثال ایسی گائے کی ہے جسے چارہ غریب ڈالتا ہے اور دودھ حکمران اشرافیہ پی جاتی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، صارفین اصل قیمت دینے کو تیار، بلوں میں 48فیصد ٹیکسز کا کوئی جواز نہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی واپس لی جائیں، اشیائے خورونوش کے ریٹس میں کمی کی جائے۔ مہنگائی کے سونامی کا رخ موڑیں گے۔ جماعت اسلامی کی پرامن جدوجہد عوام کے حقوق کے لیے جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور گورنر ہاﺅس کے سامنے دھرنے کے تیسرے اور آخری روز شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جمعرات سے گورنر ہاﺅس لاہور کے سامنے تین روزہ پرامن دھرنے کا اعلان کیا اور پنجاب اور لاہور کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن احتجاج میں شرکت یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بیدار ہو گا تو پاکستان بیدار ہو گا۔ آئی ایم ایف کی ہتھکڑیوں کو توڑنے اور غلامی سے نجات کا وقت آ گیا۔ پشاور گورنر ہاﺅس کے سامنے دھرنے میں خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم، سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع، امیر جماعت اسلامی پشاور بحراللہ اور جماعت اسلامی کے صوبائی و قومی اسمبلی کے امیدواران بھی اس موقع پر موجود تھے۔