کینیڈا نے بھارتی حکومت کی جانب سے کینیڈا میں مقیم بھارتی شہریوں کیلئے جاری کی گئی ٹریول ایڈوائزری کو مسترد کردیا۔کینیڈا کی پبلک سیفٹی منسٹری نے بھارت کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری جاری کرنے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا تمام لوگوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد بھارت نے اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کینیڈا میں بڑھتی بھارت مخالف سرگرمیوں پر وہاں موجود بھارتیوں کو محتاط رہنے کا کہا گیا ۔بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں بھارت مخالف ایجنڈے کی مخالفت پر سفارت کاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اسی لیے بھارتی شہری کینیڈا کے مخصوص علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔خیال رہے کہ آزاد خالصتان کے رہنما ہردیپ سنگھ کو 18 جون 2023 میں کینیڈا میں گوردوارے کے باہر قتل کردیا گیا تھا، کینیڈا نے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور کینیڈا میں بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کردیا ہے جس کے جواب میں بھارت نے بھی کینیڈا کے سینئر سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
کینیڈا کی جانب سے بھارت کی ٹریول ایڈوائزری مسترد
Sep 21, 2023 | 12:51