میلوڈی کوئین اور سروں کی ملکہ جیسے اعزاز پانے والی ملکہ ترنم نور جہاں کی آج 97 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔پانچ دہائیوں تک فلموں کی کامیابی کی ضمانت بننے والی میلوڈی کوئین 21 ستمبر 1926ء کو قصور میں پیدا ہوئیں، نور جہاں آج بھی لوگوں کے دلوں میں اسی آب و تاب سے زندہ ہیں، مداح آواز کا ترنم آج تک نہیں بھولے، نور جہاں نے جو گایا وہ امر ہو گیا۔ملکہ ترنم نور جہاں کا اصل نام اللہ وسائی تھا، انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1935ء میں بطور چائلڈ سٹار فلم ’’پنڈ دی کڑیاں‘‘ سے کیا جس کے بعد انمول گھڑی، ہیرسیال اور سسی پنوں جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔1941ء میں موسیقار غلام حیدر نے انہیں اپنی فلم خزانچی میں پلے بیک سنگر کے طور پر متعارف کروایا، اسی سال ہی ممبئی میں بننے والی فلم ’’خاندان‘‘ ان کی زندگی کا ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوئی، اس فلم کی تیاری کے دوران ہدایت کار شوکت حسین رضوی سے ان کی محبت پروان چڑھی اور دونوں رشتہ ازدواج میں منتقل ہو گئے۔قیام پاکستان کے بعد نور جہاں نے فلم ’’چن وے‘‘ سے اپنے لالی وڈ کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی کی تو پھر خود کو گلوکاری تک محدود کر لیا، ایک ریکارڈ کے مطابق ملکہ ترنم نور جہاں نے 995 فلموں کیلئے نغمے ریکارڈ کروائے۔نور جہاں نے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زیادہ غزلیں گائیں، گلیمر کی دنیا سے لے کر جنگ کے محاذ تک ملکہ ترنم نور جہاں نے سب کو اپنی آواز کے سحر میں جکڑے رکھا، حکومت پاکستان نے ملکہ ترنم نور جہاں کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور نشان امتیاز سے نوازا۔
میلوڈی کوئین میڈم نور جہاں کی آج سالگرہ منائی جا رہی ہے
Sep 21, 2023 | 15:37