آئی ایم ایف کے ساتھ  مذاکرات میں چین کی معاونت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دوران چین کی جانب سے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر شکر گزار ہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد سے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات سمیت باہمی مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چین کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی سپر پاور ہے، دنیا اسکے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔ دونوں ممالک کے تعلقات ناقابل تسخیر اور اٹوٹ ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ روس کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ہے، پاکستان روس کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، توانائی، مواصلات اور سیکورٹی تعاون کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے تعاون اوراسکی کامیابیوں کی تعریف کی۔ 
اس وقت اقوام عالم بالخصوص اس خطے کو دہشت گردی کے پھیلتے ناسور سمیت‘ موسمیاتی تبدیلیوں اور اسکی وجہ سے زرعی پیداوار میں کمی‘ بڑھتی بھوک‘ غربت اور مہنگائی کے جن سنگین چیلنجز کا سامنا ہے‘ ان سے عہدہ براء ہونے کیلئے خطے کے ممالک کا باہمی ربط و تعاون انسانی بقاء کیلئے ناگزیر ہو چکا ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ ان مشکلات کی گھڑی میں پاکستان کے آزمودہ دوست چین سمیت خطے کے ممالک دوسرے ممالک بھی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آرہے ہیں۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اب روس کی جانب سے بھی ٹھنڈی ہوا کے جھونکے تواتر سے آرہے ہیں جو اسکے ساتھ مضبوط تعلقات کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ روس کا پاکستان کی جانب تمام شعبوں میں تعاون کا ہاتھ بڑھانا کسی نعمت غیرمترقبہ سے کم نہیں۔بے شک آئی ایم ایف کی قرض پروگرام کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ اپنی ترجیحات ہیں جو کڑی شرائط قبول کرنے کے باوجود پاکستان کو قرض جاری کرنے میں لیت و لعل سے کام لیتا ہے۔ گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کے ساتھ ہونیوالے مذاکرات کے دوران چین کی جانب سے بھرپور تعاون خوش آئند ہی نہیں بلکہ باعث اطمینان بھی ہے۔ روس اور چین سمیت خطے کے ممالک کی جانب سے جو معاونت سامنے آرہی ہے‘ پاکستان کو اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ معیشت و توانائی سمیت ملک کو تمام سنگین بحرانوں سے نکالا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن