لاہور (خصوصی نامہ نگار) عقیدۂ رسالت و ختم نبوت اسلام کی بنیاد ہے اور عقیدۂ ختم نبوت میں ذرہ سی تشکیک حالت کفر و ارتداد تک لے جاتی ہے ۔ آخری قادیانی تک دعوت اسلام کا فریضہ دہراتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں، علماء کرام، خطباء عظام، مبلغین اور ائمہ مساجد نے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں کیا۔ انہوں نے کہا حضور خاتم النبیین محمد کریمﷺ کے بعد کوئی نبی ورسول پیدا نہ ہو گا اور عقیدۂ ختم نبوت کا انکار کرنے والے افراد یا گروہ دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔ قائد احرار سید محمد کفیل بخاری، نائب امیر حاجی عبداللطیف خالد چیمہ اور دیگر مبلغین احرار نے کہا کہ اسلام کی نشاۃ ثانیہ ہو کر رہے گی، اسلام نے غالب ہونا ہے، اسلام کی پر امن تعلیما ت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔